ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / یمن:صنعاء یونیورسٹی کے اساتذہ کی جامع ہڑتال

یمن:صنعاء یونیورسٹی کے اساتذہ کی جامع ہڑتال

Sat, 07 Jan 2017 17:04:09  SO Admin   S.O. News Service

صنعاء7جنوری(آئی این ایس انڈیا)یمن کے دارالحکومت صنعاء میں تعلیمی ذرائع نے بتایا ہے کہ صنعاء یونی ورسٹی کے اساتذہ ہفتے کے روز سے مکمل ہڑتال کا آغاز کر رہے ہیں۔ یہ اقدام باغی ملیشیاؤں کی جانب سے اساتذہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور حوثیوں کی جانب سے مقرر کردہ یونی ورسٹی انتظامیہ کی بدعنوانیوں کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا جا رہا ہے۔صنعاء یونی ورسٹی کے اساتذہ اور ملازمین کی انجمن نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ان کے مطالبات پورے ہونے تک غیر معینہ مدت کی یہ ہڑتال جاری رہے گی۔باغی حکام تمام تر کوششوں کے باوجود یونی ورسٹی کے اساتذہ کو ہڑتال سے روکنے میں ناکام ہو گئے۔ اساتذہ انجمن نے 4 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر گزشتہ ہفتے اپنے احتجاجی پروگرام کا آغاز کیا تھا۔نو جامعات پر مشتمل یونی ورسٹیز کو آرڈی نیشن کونسل نے بتدریج ہڑتال کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم صرف چار جامعات نے ہی اس کی پاسداری کی۔ ان میں صنعاء یونی ورسٹی، الحدیدہ یونی ورسٹی، عمران یونی ورسٹی اور ذمار یونی ورسٹی شامل ہیں۔ یہ تمام ہی جامعات باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں واقع ہیں۔ادھر حوثیوں نے سرکاری جامعات میں تدریسی کمیٹی کے ارکان کو دھمکی دی ہے کہ تدریسی عمل کی ہڑتال کی صورت میں اس میں شریک افراد کو جیل بھیج دیا جائے گا۔مبصرین کے مطابق اگر صنعاء یونی ورسٹی کے اساتذہ جامع ہڑتال پر عمل درامد میں کامیاب ہو گئے تو یہ خوف کی دیوار گرا دینے کے مترادف ہوگا۔اوریہ نہ صرف بقیہ جامعات میں بلکہ اُن تمام سیکٹروں میں ہڑتال کی راہ ہموار کرے گا جو حوثیوں کی بدعنوانی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے مسئلے سے دوچار ہیں۔


Share: